وزیراعظم نے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا آغاز کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا آغاز کردیا جس کے تحت کروڑوں غریب افراد کو فی کس 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اسلام آباد میں صحت انصاف کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاق میں صحت انصاف کارڈ کا اجرا خوش آئند ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں اس کا اجرا پہلے ہی کیا جا چکا ہے، یہ منصوبہ اسلام آباد، پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کے لیے ہے جس کے تحت غریب خاندان 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک خرچ کرسکتا ہے۔

عمران خان نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور قبائلی علاقہ جات میں اس کا اجرا کیا جارہا ہے، فاٹا کے تمام قبائلی خاندانوں کو یہ کارڈ دیے جائیں گے، جبکہ ایک ماہ کے اندر اندر پنجاب میں ایک کروڑ خاندانوں کو یہ کارڈ فراہم کیے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 8 لاکھ غریبوں کا مفت علاج ہوگا جبکہ مجموعی طور پر 9 کروڑ پاکستانی علاج معالجے کی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جس معاشرے میں پیسے نہ ہونے کے باعث غریب آدمی کا علاج نہ ہو وہاں اللہ کا عذاب آتا ہے، حکومت کی ہر پالیسی کا مقصد یہ ہے کہ غربت کم کی جائے، لہذا صحت کارڈ سے غربت کم ہوگی اور غریبوں کو علاج میں آسانی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں