ون ڈے رینکنگ؛ فخر زمان کو ایک بار پھر ٹاپ 10 میں انٹری مل گئی

دبئی: آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں فخر زمان کو ایک بار پھر ٹاپ 10 میں انٹری مل گئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کردی جب کہ اوپنر فخر زمان گوکہ جنوبی افریقہ سے سیریز میں توقع کے مطابق کھیل پیش نہیں کرپائے مگر اس کے باوجود 2درجے بہتری سے وہ اب نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اوپنر امام الحق کیریئر میں پہلی بار ٹاپ ٹوئنٹی 20 بیٹسمینوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انھوں نے پروٹیز سے سیریز میں 271 رنز بنائے، جس کا صلہ 9 درجے ترقی کی صورت میں ملا، وہ اب کیریئر بیسٹ 16 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ساتھی بابر اعظم کا پانچواں درجہ برقرار ہے، ٹاپ پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی موجود ہیں، دھونی 3 درجے ترقی سے 17 ویں نمبر پر آگئے، مارٹن گپٹل کو 6 درجے خسارے نے 19 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا۔

ادھر بولرز میں شاہین شاہ آفریدی کو سیریز میں 6 وکٹیں لینے کی بدولت 38 درجے ترقی ملی جس سے وہ اب 74 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ حسن علی کو2درجہ خسارے سے 14 ویں نمبر پر جانا پڑا، بولنگ چارٹ کے ٹاپ پر بھارتی جسپریت بمرا موجود ہیں۔ محمد حفیظ آل راؤنڈرز میں بدستور چوتھے نمبر پر رہے۔

ٹاپ ون ڈے آل راؤنڈر کا اعزاز افغان اسپنر راشد خان کے پاس ہے۔ ٹیموں میں انگلینڈ سب سے آگے جبکہ پاکستان کا پانچواں نمبر رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں