ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری

کراچی: پی ایس ایل کے ایلیمنیٹر راؤنڈ کے پہلے میچ میں کراچی کنگز کے 162 رنز کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری ہے اور اس نے 5 اوورز میں ایک وکٹ پر 33 رنز بنا لیے ہیں۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو کنگز کے اوپنرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 52 رنز کا آغاز فراہم کیا، کولن منرو نے صرف 11 گیندوں پر برق رفتاری سے 32 رنز جوڑے، پہلی وکٹ گرنے کے بعد لینوگسٹن اور بابر اعظم نے 50 رنز کی شراکت داری قائم کرکے مجموعے کو 102 تک پہنچایا۔
دوسری وکٹ گرنے کے بعد اسلام آباد نے زبردست کم بیک کیا اورعمدہ بولنگ کی بدولت بیٹنگ لائن کو اکھاڑ پھینکا، کنگز کی ٹیم دباؤ کا شکار ہوئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے سبب اسکور میں اضافے کی رفتار کم ہوگئی، عماد الیون مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 161 رنز ہی بنا سکی، بابر اعظم 42، لیونگسٹن 30، انگرم 23، ڈنک 12، افتخار احمد 1،عامر یامین 1، محمد عامر 3 اور عمر خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، کپتان عماد وسیم 13 اور عثمان شنواری ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نوجوان پیسر محمد موسیٰ نے 3 شکار کیے، فہیم اشرف نے 2، شاداب خان رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جیتنے والی ٹیم فائنل میں رسائی کے لیے کل پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کا سفر آج ختم ہو جائے گا، رواں سیزن میں کراچی اور اسلام آباد اب تک دو بار آمنے سامنے آئیں جس میں دونوں بار کراچی کنگز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں